نئی دہلی،19؍جولائی(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتوار کے روز ایک مرتبہ پھر یوگی حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور کورونا وائرس سے نمٹنے میں برتی جا رہی بند انتظامیوں کا تذکرہ کیا۔ واضح رہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں، ٹیسٹنگ میں کمی اور دیگر لاپروائیوں کی وجہ سے صوبہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 47036 ہو گئی ہے۔
رینکا گاندھی نے کہا کہ ’’سی ایم صاحب اور ان کے افسران کہہ رہے ہیں کہ کووڈ-19 سے لڑنے کے لئے بیڈ دستیاب ہیں اور سب کچھ صحیح ہے لیکن رپورٹ کچھ اور ہی کہتی ہے۔ حکومت کی تیاریاں ادھوری ہیں اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے انہوں نے اس پر پردہ ڈالنے کی پالیسی اختیار کی ہوئی ہے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے مزید کہا، ’’مریض پریشان ہیں، صحت اہلکار پریشان ہیں اور حکومت کے سربراہ کہہ رہے ہیں کہ یہ صدی کا سب سے کمزور وائرس ہے اور یہ کہہ کر وہ اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں۔‘‘
اس سے قبل پرینکا گاندھی نے کہا تھا کہ لکھنؤ میں بیٹھ کر ہی اتر پردیش حکومت کورونا سے لڑنے کے بڑے بڑے دعوے کرتی ہے لیکن وہیں سے دو کلومیٹر پر ان کے دعووں کی پول کھل رہی ہے۔ صوبہ میں کورونا کی تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے۔ ایسے حالات میں حکومت کو جھوٹے دعوے کرنے کی بجائے مضبوط اور شفاف پالیسیوں پر عمل کرنا ہوگا۔
اس سے قبل یوگی حکومت پر الزامات عائد کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا، ’’آج یہ خوفناک روپ ٹسٹنگ پر توجہ نہ دینے، رپورٹ میں تاخیر ہونے، اعداد کی بازیگری کرنے اور کانٹیکٹ ٹریسنگ پر دھیان نہ دینے کی وجہ سے ہوا ہے۔ یوپی حکومت کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ہے۔‘‘